27 اپریل 2012 - 19:30

پاکستان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہےکہ انہیں سازش کے ذریعہ اقتدار سے الگ نہیں کیا جا سکتا اور جو انہیں ہٹانے کی کی تمنا رکھتے ہیں اگران میں ہمت ہے تو وہ تحریکِ عدم اعتماد لے آئیں۔

ابنا: پاکستان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ انہیں سازش کر کے اقتدار سے الگ نہیں کیا جا سکتا اور جو انہیں ہٹانے کی کی تمنا رکھتے ہیں اگران میں ہمت ہے تو وہ تحریکِ عدم اعتماد لے آئیں۔جمعہ کو قومی اسمبلی سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا انہیں اور کوئی نہیں صرف قومی اسمبلی کی سپیکر نااہل قرار دے سکتی ہیں۔

وزیراعظم گیلانی سپریم کورٹ کی جانب سے نام نہاد توہینِ عدالت کے جرم میں سزا دیے جانے کے بعد پہلی مرتبہ پارلیمنٹ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھے آئین کا تحفظ کرنے پر سزا ہوئی اور وہ چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آئے اور وہ ایوان میں عوام کی وجہ سے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے مخالف چاہتے ہیں کہ انہیں ہٹا کر ملک میں ٹیکنوکریٹس کی حکومت لائی جائے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومتیں پیسوں سے نہیں گرائی جا سکتیں بلکہ اس کے لیے عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مصلحت کی سیاست کو کوئی کمزوری سمجھتا ہے تو وہ غلط فہمی میں نہ رہے۔ میاں نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ان میں انا بہت ہے اور وہ دیگر جماعتوں کے ساتھ نہیں چل سکتے۔

انہوں نے قائدِ حزبِ اختلاف چودھری نثار کے گزشتہ روز دیے گئے اس بیان پر افسوس کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ سزا ملنے کے بعد وزیراعظم کو پارلیمان میں نہیں آنے دیں گے۔خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ وزیراعظم جب تک عدالت سے بری نہیں ہوتے یا ان کی سزا معطل نہیں ہوتی اس وقت تک ایوان میں نہیں آسکتے۔ ذرائع کے مطابق جب وزیر اعظم پارلیمنٹ میں پہنچے تو اس وقت چودھری نثار صاحب خود غائب ہوگئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگر کسی میں ہمت ہے تو وہ جمہوری طریقے انھیں ہٹانے کے لئے تحریک عدم اعتماد ٹیش کرے۔
 .......

/169